افتتاحی تقریب کراچی میں ہوگی، فیصلہ کن معرکے کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم کرے گا
پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا
لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ پاکستان لوٹ آئی، شائقین خوشی سے سرشار ہوگئے، 2020ء مکمل ایڈیشن کی ملک میں میزبانی کا سال بن گیا، شیڈول کے مطابق 4 شہروں میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے 14 مقابلے لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔ افتتاحی تقریب 20 فروری کو شہر قائد میں سجے گی، پہلا میچ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا، 22 مارچ کو فیصلہ کن معرکے کی میزبانی لاہور کا قذافی اسٹیڈیم کرے گا، ٹکٹوں کی فروخت 20 جنوری سے شروع ہوگی، کائونٹ ڈائون کے لیے قذافی اسٹیڈیم کے باہر اسٹار کرکٹرز کی تصاویر سے مزین کلاک نصب کر دی گئی، کسی بھی وینیو پر ایک دن میں 2 میچز نہیں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 5 کا شیڈول جاری کر دیا گیا، ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار تمام میچز لیگ کے اصل گھر پاکستان میں کھیلے جائیں گے، 34 میچز 4 مختلف شہروں میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں گے، افتتاحی تقریب 20 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی، پہلا میچ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو بار ٹائٹل جیتنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا، 22 مارچ کو فائنل کا لاہور میزبان ہوگا، پہلا میچ روزانہ دوپہر 2 بجے اور دوسرا شام 7 بجے شروع ہوگا، ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز 20 جنوری کو ہونا ہے۔

