کراچی (اسٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا انڈر 13 کرکٹ ٹیم نے قومی انڈر 13ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا ۔فاتح ٹیم نے فائنل میں سدرن پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ خیبرپختونخوا کیا ا حمد حسین کومین آف دی فائنل قرار دیا گیا۔اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے فائنل میں سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 30 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 156 رنزبنائے۔ اوپنر فہد کاشف نے47 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ خیبرپختونخوا کے اسپنر محمد سلمان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔جواب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 28ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ اوپنر احمد حسین نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ78 گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے 72 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹورنامنٹ 27دسمبر سے4 جنوری تک فیصل آباد میں کھیلا گیا۔ ایونٹ میں6 ایسوسی ایشنز کی انڈر 13 کرکٹ ٹیموں کے مابین کل 16 میچز کھیلے گئے۔ ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرنے والی دونوں ٹیموں کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو کٹ بیگس بطور تحفہ دئیے گئے۔ ایونٹ کی چیمپئن خیبرپختونخوا کے اوپنر احمد حسین نے عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹورنامنٹ کے3 ایوارڈز اپنے نام کیے۔ فائنل میں ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرنے والے احمد حسین کو مین آف دی فائنل ، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور ایونٹ کے بہترین بلے باز کے ایوارڈز دئیے گئے۔سندھ کے آذان بشیر کو بہترین بولر اور سدرن پنجاب کے سمیر احمد کو بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔ سندھ کے محمد رمیز کوٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔
