اولڈ سٹی ایریا میں منہدم ہونے والی عمارت ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلمان سومرو کی ملکیت تھی
سال 2004 میں حنیف بلال میمن اور حنیف بلوچ نامی 2 بلڈرز کو فروخت کردیا گیا تھا
کراچی(کرائم رپورٹر)اولڈ سٹی ایریا کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن کی ٹمبر مارکیٹ میں 6 منزلہ رہائشی عمارت کو منہدم ہوئے پانچ دن گزرگئے ہیں مگر پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا اور نہ ہی اس کے ذمہ اداروں کی گرفتاریاں کی گئی ہیں۔کراچی میں قیام پاکستان سے قبل کی آبادی رنچھوڑ لائن میں واقع ٹمبر مارکیٹ کی سومرا گلی میں محض 15 سال قبل تعمیر کی گئی 6 منزلہ رہائشی عمارت ناقص تعمیرات اور بوسیدہ اسٹرکچرکی وجہ سے 30 دسمبر کو زمین بوس ہوگئی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ پلاٹ ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے طویل عرصے سے صدر اور چیئرمین سلمان سومرو کی ملکیت تھا جو انہوں نے مبینہ طور پر 2004 میں بلڈرز کو فروخت کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق حنیف بلال میمن اور حنیف بلوچ نامی دو بلڈرز نے مشترکہ طور پر یہاں پر رہائشی پروجیکٹ بنایا۔ ایک اور ذریعہ نے بتایا کہ اس مقام پر پہلے دو منزلہ عمارت تعمیر کی گئی تھی جس کی بنیادیں کم گہری اور کالم انتہائی کمزور تھے۔ اس عمارت کو منہدم کرکے از سر نو کثیرالمنزلہ عمارت بنانے کی بجائے بلڈر نے مبینہ طور پر اسی پرانی عمارت کے اوپر مزید چار منزلیں تعمیر کردیں۔یہ ساری وجوہات اور عوامل اپنی جگہ ہیں لیکن اب تشویشناک صورت حال یہ کہ بااثر بلڈرز کے خلاف پانچ دن گزرنے کے باوجود ناقص عمارت کے گرنے کا مقدمہ تک درج نہیں کیا گیا۔

