English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شدید سردی میں لوگوں کو بے گھر کرنا ظلم ہے،محمد حسین محنتی

حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی پریس کانفرنس کررہے ہیں، عبدالوحید قریشی، حافظ مجید اور مجاہد چنا بھی موجود ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ جماعت اسلامی سندھ بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی مخالف نہیں لیکن جس طر ح بغیر اصول وقانون کے یہ عمل کیاجارہاہے اس سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ‘ بڑے لوگوں کے بنی گالا سے لیکر قبضے سے بنے محلات کو تو ہاتھ نہیں لگایا جاتا بلکہ ان کو قانونی تحفظ دینے کے حربے استعمال کیے جاتے ہیں مگر مظلوم، کمزور اور غریبوں کی جھونپڑیاں گرانے میں دیر نہیں کی جاتی،عدالتیں اور حکومت خاموش ہے، نعمت اللہ خان نے لیاری ایکسپریس وے کے متاثرین کو پیسے اور متبادل مکانات فراہم کیے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے حیدرآبادپریس کلب میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرصوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحیدقریشی ،ضلعی امیر حافظ طاہرمجید ‘صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا‘ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع ڈاکٹرسیف الرحمن اورعبدالقیوم حیدربھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہاک پورے ملک کی طرح سندھ میں بھی سردی کی شدت نے پانچ عشروں کاریکارڈ توڑڈالاہے اس شدیدسردی میں حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، بدین، ماتلی، سکھر،لاڑکانہ،جیکب آباد اضلاع سمیت سندھ بھر کے مختلف شہروں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے نام پر غریب لوگوں کو بے گھر، روزگار سے محروم اور قیمتی املاک کے نقصان کیاگیاہے ۔نہایت ہی افسوس ناک ہے۔جب حکمران سردترین موسم میں اپنے آرادم دہ محلات میں سکون کی نیندسورہے ہیں اور متاثرین کھلے آسمان تلے راتیں گزاررہے ہیں۔ ہم ناجائز قبضہ وتجاوزات کی ہرگز حمایت نہیں کرتے مگر جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے اس پر ہمیں سخت تحفظات ہیں، قبضہ ختم کرنے کیلیے کسی نوٹس کے بغیر پولیس لشکراور ظالمانہ طریقے سے گھروں ودکانوں کو مسمار کرنے کے طریقہ کار کو ہرگز درست قرار نہیں دیا جاسکتا، سندھ حکومت کی جانب سے آپریشن روکنے اور متبادل جگہ دینے کیلیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم اور اس پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم تجاوزات کرنے والوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے مگر جب نہروں کے کناروں پر قبضے ہورہے تھے اور جن لوگوں نے قبضے دلائے اس وقت حکومت اور یہ ادارے کہاں تھے۔ انہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو متبادل جگہ دینے تک آپریشن فی الفور روک دیا جائے،انسانی ہمدردی کے تحت آپریشن متاثرہ افراد کو متبادل رہائش،پلاٹ اور کھانے پینے کی اشیا اور علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کی جائے اورجن سرکاری افسران نے لوگوں کو قبضہ دلائے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے