فوجی بل پر اپوزیشن نے بردباری کا مظاہرہ کیا، ادارے کسی جماعت کے نہیں ملک کے ہیں
بھارت میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کر کے نسل کشی کی جا رہی ہے، سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب
سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خطے کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر اپوزیشن نے بردباری کا مظاہرہ کیا، ادارے کسی جماعت کے نہیں بلکہ ملک کے ہیں لہذا اداروں پر سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہیے، امید ہے اپوزیشن ملکی مفاد کے معاملات پر سیاست نہیں کرے گی۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کی امیدوں کا محور ہیں، پاکستان اور وزیراعظم عمران خان لازم وملزوم ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کاحق دلا کر رہیں گے، جذبوں کے آگے زنجیریں نہیں باندھی جاسکتیں، بھارت نے مکاری کے ساتھ دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرکو یرغمال بنایا ہوا ہے، مودی کے خلاف پورا بھارت احتجاج کر رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کر کے نسل کشی کی جا رہی ہے، آج ثابت ہوگیا کہ قائداعظم کا دو قومی نظریہ درست تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مذاکرات کے ذریعے ہرمسئلے کا حل چاہتے ہیں، عمران خان کوششیں کر رہے ہیں کہ خطے کا امن تباہ نہ ہو، پاکستان خطے میں امن واپس لے کر آئے گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا روشن اور ترقی یافتہ چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں، عمران خان دنیا کو بتا رہے ہیں کہ آئیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارا مذہب، ثقافت، تہذیب وتمدن کا رشتہ ہے، خطے میں موجودہ کشیدگی کی لہر تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔

