
دوحہ (انٹرنیشنل ڈیسک) قطر کے وزیر ِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کا کہنا ہے کہ دوحہ حکومت اور بعض عرب ممالک کے مابین بحران کے دوران ترکی کے موقف کو ہم ہرگز فراموش نہیں کریں گے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کو انٹرویو دیتے ہوئے قطری وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ترکی اور قطر کے درمیان سیکورٹی، دفاعی، تجارتی اور اقتصادی شعبوں بہترین تعلقات کے علاوہ کثیر الجہتی، طاقتور اور سٹریٹیجک نوعیت کے تعلقات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قطر نے بہترین تعلقات کے حوالے سے ترکی کو ہمیشہ ترجیحی حیثیت دی ہے۔ سیاسی اعتبار سے دونوں ممالک ایک جیسی سوچ کے حامل ہیں اور شامی عوام کی امداد کے لیے ہمارے درمیان اتفاق ِ رائے قائم ہے۔ الثانی کے مطابق ترکی نے اپنی سرحدوں کا رُخ کرنے والے شامی شہریوں کو نہ صرف طویل عرصے سے اپنے ملک میں پناہ دے رکھی ہے بلکہ یہ شام میں سیکورٹی قائم کرنے کی کوششوں میں بھی مصروف ہے۔ قطر کے وزیر خارجہ نے انٹرویو کے دوران مزید بتایا کہ ترکی نے خلیجی بحران کے دوران قطر کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے کئی مرتبہ اپنے باوقار موقف کا اظہار کیا ہے اور ایسے وقت میں ہماری مدد کی جب ہمسایوں نے بھی قطر سے منہ پھیر لیا تھا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ہم ہر مشکل گھڑی میں ترکی کا ساتھ دیں گے۔
