English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ حکومت نے گڈزٹرانسپوٹرزکی ہڑتال کی حمایت کردی

آج دوسرے روزبھی سامان کی ترسیل کرنے والی تمام گاڑیاں بندہیں ،کھانے پینے کی اشیاکی قلت کاخدشہ پیداہوگیا
ٹرانسپوٹرزکے وفدکی گورنرسندھ سے ملاقات ،چارجزآف ڈیمانڈپیش کردیا،عمران اسماعیل کی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کردی، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے کہاکہ روڈ پرمٹ فیسوں میں اضافے کے خلاف اور ایکسل لوڈ قانون کی بحالی کے لیے گڈز ٹرانسپورٹرز کے اکثر مطالبات جائز ہیں جن کی حمایت کرتے ہیں، وفاقی حکومت عدالتی حکم مانے اور ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کرے۔ آج دوسرے روز بھی نوری آباد سے ملیر لنک روڈ تک دونوں اطراف کی سڑکوں پر ہزاروں لوڈنگ گاڑیاں کھڑی کرکے احتجاج جاری ہے۔ ہاکس بے ٹرک اڈے پر احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا ہے جبکہ کاٹھور پر سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کر دی گئیں۔ اس کے ساتھ ملک بھر کی ہائی ویز پر بھی گاڑیاں سڑکوں کے کنارے کھڑی کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے سامان کی ترسیل بند ہوگئی۔ ہڑتال کی وجہ سے درآمدی و برآمدی سرگرمیاں متاثر ہونے اور اشیائے خورو نوش کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ تاجر برادری نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال میں اے سی اور نان اے سی بسوں کی تنظیمیں بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے مطالبات کو جائز قرار دے دیا، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے اپنے بیان میں کہاکہ ٹرانسپورٹرز کے اکثر مطالبات جائز ہیں جن کی حمایت کرتے ہیں۔ وزیراعظم فی الفور ہڑتال ختم کروائیں، وفاقی حکومت عدالتی حکم مانے اور ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کرے۔ انہوں نے کہاکہ وفاق ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی کو سینٹرلائزڈ کرے اور لائسنس کا حصول آسان، تیز اور بدعنوانی سے پاک کیا جائے۔ دریں اثناء ٹرانسپورٹرز اتحاد کے وفد نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہائوس میں ملاقات کر کے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالیں گے اس ضمن میں اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں گورنر سندھ، گورنر پنجاب، وفاقی وزیر مواصلات، وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ اور چاروں صوبوں کے وزیر ٹرانسپورٹ سمیت جہانگیر ترین بھی موجود ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے