ڈیفنس اور کلفٹن حکومت سندھ اور واٹر بورڈ کی نا اہلی کی وجہ سے پانی سے محروم ہیں
ہم اپنی مدد آپ کے تحت اپنے حلقوں میں آر او پلانٹس لگوا رہے ہیں‘شہزاد قریشی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر پی ٹی آئی کراچی و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے۔ شہر کراچی اور خصوصاً ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے حکومت سندھ اور واٹر بورڈ کی نا اہلی کی وجہ سے پانی سے محروم ہیں۔ شہر میں ٹینکر مافیا نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ ہم اپنی مدد آپ کے تحت اپنے حلقوں میں آر او پلانٹس لگوا رہے ہیں۔ پانی کی قلت اس وقت شہر کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ 12سالہ دور حکمرانی میں سندھ حکومت نے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو 150ملین گیلن پانی کم فراہم کیا جارہا ہے۔ میڈیا سیل انصاف ہائوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی اسکیمیں عوام سے کیے ہوئے وعدے کی تکمیل کی جانب پہلا قدم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، ترقیاتی اسکیموں کے ذریعے شہر کے بلدیاتی مسائل حل کریں گے۔

