English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹرمپ کو فیس بک پر مقبول ترین ہونے کی غلط فہمی

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے انہیں ایک عشایئے کے دوران کہا ہے کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نمبر وَن ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات پیر کے روز ایک ریڈیو پروگرام میں براہ راست انٹرویو کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے مارک زکر برگ کے ساتھ کھانا کھایا تو انہوں نے مجھے کہا کہ میں آپ کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں، آپ فیس بک پر نمبر وَن ہیں۔ البتہ صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے مارک زکر برگ کے ساتھ کب کھانا کھایا۔ دوسری جانب فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسا کوئی بھی عشائیہ آخری مرتبہ گزشتہ برس اکتوبر میں ہوا تھا۔ دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے صارفین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو مقبول ترین ہونے کی صرف غلط فہمی ہے، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ان پر تنقید زیادہ اور ان کے اقدامات سے اتفاق رائے کا رجحان انتہائی کم پایا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ پیغام رسانی کے لیے سوشل میڈیا کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں جب کہ پیشہ ورانہ میڈیا کے زیادہ تر ذرائع کو وہ نظر انداز کرتے ہیں اور اکثر اوقات تنقید بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ خود بھی کئی مرتبہ فیس بک اور ٹوئٹر کے ذریعے غلط اطلاعات پھیلاتے رہے ہیں لیکن دونوں پلیٹ فارم واضح کر چکے ہیں کہ وہ سیاست دانوں کی جانب سے دیے گئے بیانات میں جھوٹ یا سچ کو ثابت کرنے کی کوئی کوشش نہیں کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے