English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یمن میں باغیوں کا میزائل حملہ‘ 11 فوجی مارے گئے

القمر

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں مزید 11 یمنی فوجی ہلاک ہوگئے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق حوثی ملیشیا نے ضالع صوبے کے شمال میں سرکاری فوج کے ایک کیمپ کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 11 یمنی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ عسکری ذرائع کے مطابق حوثیوں نے منگل کی صبح مریش کے علاقے میں الصدرین عسکری کیمپ پر ایک بیلسٹک میزائل داغا جو کیمپ کے اندر جا کر گرا۔ اس سے قبل پیر کے روز حوثی ملیشیا نے الحدیدہ شہر میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام چیک پوائنٹس کے قریب مشترکہ فورسز کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی تھی۔ حوثی باغیوں کی جانب سے دسمبر 2018ء سے الحدیدہ میں فائر بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا اعلان اقوام متحدہ کی سرپرستی میں کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ یمن میں تقریباً 5 سال سے جاری جنگ میں 15 ہزار 420 شہری ہلاک اور 23 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔ انسانی حقوق مانیٹرنگ یونین کی ایک رپورٹ کے مطابق حوثیوں کی بغاوت سے لے کر اب تک گزرنے والے 5 برس انسانی حقوق کے حوالے سے ایک المیہ ہیں۔ اس دوران دارالحکومت صنعا اور دیگر علاقوں پر حوثیوں کے قبضے کے ستمبر 2014ء سے اکتوبر 2019ء تک 15 ہزار 420 شہری ہلاک اور 22 ہزار 916 زخمی ہو چکے ہیں جب کہ ملک میں 4 ہزار 272 شہریوں کو اغوا کیا گیااور 6 ہزار 352 بچوں کو لڑائی کا ایندھن بنایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے