کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ اسپورٹس سندھ کی انڈومینٹ کمیٹی کا اجلاس، مختلف کھیلوں سے منسلک 73 کھلاڑیوں کے کیسز کا جائزہ لیا گیا جس میں سے کمیٹی نے 61 کیسز کی منظوری دے دی، انڈومینٹ کمیٹی کی میٹنگ کا اجلاس سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ سید امتیاز علی شاھ کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں ڈائریکٹر اسپورٹس سندھ شہزاد پرویز بھٹی، سابق اولمپئن اصلاح الدین، فٹبال ایسو سی ایشن کے سید امداد شاہ، کرکٹ ایسوسی ایشن کے پرویز چانڈیو، کراچی ہاکی ایسوسی ا یشن کے حیدرعلی، گلفرازخان، سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے اصغر بلوچ، فٹبال کے رحیم بخش بلوچ اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی، اجلاس میں فٹبال، باکسنگ، ہاکی سمیت دیگر کھیلوں سے وابسطہ بیمار، ضرورتمند اور وفات پا جانے والے کھلاڑیوں کے کیسز اور کوائف کا مکمل جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کمیٹی ممبران نے آنے والے مستحق کھلاڑیوں سے تفصیلات لیکر 73 میں سے 61 کیسز کو نمٹا دیا اور مجموعی طور پر33 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی، کمیٹی کے اجلاس میں ممبران کی از سر نو فہرست ترتیب دینے پر بھی غور کیا گیا، اجلاس کے دوران سیکریٹری اسپورٹس سید امتیاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ انڈومینٹ فنڈ مستحق کھلاڑیوں کی امانت ہے جو حقداروں میں بلاتفریق اور قانونی طریقے سے دینا ہی کمیٹی کی اصل ذمہ داری ہے، انکا مزید کہنا تھا حکومت کھلاڑیوں کی فلاح کے کئی اقدامات کررہی ہے، امتیاز علی شاھ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر کھیل اور کھلاڑی کو اس کا جائز مقام ملے۔
