کراچی(اسٹاف رپورٹر ) اسلام آباد سے تعلق رہنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء میں قومی ا سکواڈ کی قیادت کرینگے۔ ٹیپ بال سے کرکٹ کا آغاز کرنے والے روحیل نذیر نے اپنے بڑے بھائی طاہر نذیر کو دیکھتے ہوئے کرکٹ کھیلنا شروع کی۔ نوجوان کرکٹر نے کہا کہ اہل خانہ کی سپورٹ کے باعث انہیں شوق کی تکمیل میں کسی بڑی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹر عماد وسیم نے انہیں ہمیشہ سپورٹ کیا، دونوں کھلاڑیوں کا تعلق ایک ہی شہر سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عماد وسیم نہ صرف انہیں اہم ٹپس دیتے بلکہ عمدہ کارکردگی دکھانے پر ہمیشہ حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ان کے پسندیدہ کرکٹر اے بی ڈیویلیئرز ہیں اور وہ ان کی طرح آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے کے خواہشمند ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ قومی سطح پر احمد شہزاد ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں،دوران بیٹنگ بیک فٹ پنچ ان کا پسندیدہ اسٹروک ہے۔ روحیل نذیر کا کہنا تھاکہ وہ اس سے قبل بھی پاکستان کی جانب سے میگا ایونٹ میں شرکت کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ایج گروپس کرکٹ میں گزشتہ 2سال سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے کے باعث ان کے کھیل میں نکھار آیا ہے اور جنوبی افریقا روانگی سے قبل وہ پراعتماد ہیں۔ روحیل نذیر نے کہا کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کیلئے منتخب کردہ اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی ہیں جو اس سے قبل بھی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں لہٰذا قومی اسکواڈ ایونٹ میں بہتر کھیل پیش کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے دوران حیدر علی اور مجھ پر اہم ذمہ داری ہوگی اس پر پورا اترنے کی بھرپور کو شش کرینگے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیا کپ 2017 اور 2018، آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ2018 اور اے سی سی ایمرجنگ کپ2019 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
