دو روز قبل سڑک زیر آب آنے کے باعث دوسرے روز بھی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا
یونیورسٹی روڈ پر سوک سینٹر کے قریب پھٹنے والی 24 انچ قطر کی لائن کی مرمت کا کام رات گئے مکمل کرلیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) واٹر بورڈ کی نااہلی سے سوک سینٹر کے قریب حسن اسکوائر فلائی اوور کے نیچے لیک ہونے والی پانی کی لائن کی مرمت کا کام رات گئے مکمل کر لیا گیا۔ دوسرے روز بھی یونیورسٹی روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے اہم، مصروف اور مرکزی علاقے سوک سینٹر یونیورسٹی روڈ پر لیک ہونے والی 24 انچ قطر پانی کی پائپ لائن کی مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ مرمتی کام کے باعث یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر، سرشاہ سلیمان روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر دوسرے روزبھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں، صبح دفاتر اور روزگار پر جانے والے شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

