چیک بائونس ہونے پر مقدمات پر عدلیہ کی جانب سے ضمانت ملنے پر ملزمان دلیری سے گھوم رہے ہیں، حماد پونا والا
اگر اسی طرح چلتا رہا تو شہر میں کاروبار کرنا ناممکن ہوجائے گا، صدر آل سٹی تاجر اتحاد
کراچی (کامرس رپورٹر ) آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا کا کہنا ہے کہ شہر کی بیشتر مارکیٹوں میں مختلف کاروبار سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے ساتھ کاروباری لین دین میں فراڈ ہونے لگا ،مختلف تاجروں کو دئیے گئے سے باؤنس کی شکایت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جبکہ چیک باؤنس ہونے پر مقدمات بھی درج کئے جارہے ہیں لیکن اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے ملزمان کوبا آسانی سستی ضمانت ملنے کے سبب فراڈ کرنے والے دلیری سے گھوم رہے ہیں اور کاروبار کرنے والے تاجر پریشان ہوتے دکھا ئی دے رہے ہیں۔مقدمات درج ہونے کے باوجود بھی ریکوری نہ ہونے کے سبب مارکیٹوں میں آئے روزفراڈ کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں اور کاروباری حالات مستقل طورپر ٹھپ ہوتے جارہے ہیں۔اگر اسی طرح چلتا رہا توشہر میں کاروبار کرنا ناممکن ہو جائیگا اور تاجر اپنا کاروبار جاری نہیں رکھ سکیں گے۔فراڈ کرنے والے کروڑوں روپے کا فراڈ کرکے 20تا 50ہزار روپے کی ضمانت باآسانی حاصل کرلیتے ہیں۔ سونے پر سہاگہ یہ کہ ضمانت قبل از گرفتاری دیدی جاتی ہے لہٰذا چیک باؤنس کے مقدمات میں کوئی ایسا قانون ہونا چاہئے جس کے مطابق جتنی مالیت کے چیک باؤنس ہوئے ہیں اور جتنی مالیت کی ایف آئی آر درج ہوئی ہے کم از کم اتنی ہی مالیت کی ضمانت دی جائے اور ضمانت بعد از گرفتاری دی جائے تاکہ اس طرح کا فراڈ کرنے والے ملزمان جو کہ پیشہ ورانہ طور پر کاروباری لین دین میں فراڈ کرتے ہیں انہیں قانون کا خوف ہواور وہ اس طرح کا جرم کرنے قبل ہزار دفعہ سوچنے پر مجبور ہو جائیں۔کروڑوں روپے کے چیک باؤنس پر مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کو با آسانی سستی ضمانت قبل از گرفتاری ملنے پر آل سٹی تاجر اتحاد کی جانب سے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستا ن جسٹس گلزار احمد کو خط لکھ کرسپریم کورٹ سے بھی رجوع کرلیا گیا ہے۔

