English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آسٹریلیا ،خشک سالی سے نمٹنے کیلئے 10 ہزار اونٹ مارنے کا فیصلہ

القمر

کینبرا (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث پانی کی تلاش میں آبادیوں کا رخ کرکے شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بننے والے 10 ہزار اونٹوں کو ہلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنگلی اونٹ بہت زیادہ پانی استعمال کرتے ہیں، لہٰذا پہلے ہی خشک سالی اور پانی کی قلت کے باعث ان جانوروں کو ہلاک کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا میں گزشتہ سال موسم گرما میں وسیع پیمانے پر جنگلات میں آگ لگی ہے، جس سے لاکھوں جنگلی جانور بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق جنگلی اونٹوں کی وجہ سے نہ صرف انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ شاہراہوں پر ڈرائیوروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اونٹوں کو مارنے کے لیے حکام نے فوج کے ماہر نشانہ بازوں کی خدمات حاصل کی ہیں، جنہوں نے بدھ سے 5 روزہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ نشانہ باز ہیلی کاپٹرز کے ذریعے جنگلات اور مقامی آبادیوں میں گشت کرکے اُونٹوں کو ہلاک کریں گے جب کہ جنگلات میں موجود اُونٹوں کو وہیں چھوڑ دیا جائے گا اور آبادی کے قریب ہلاک کیے گئے اُونٹوں کو کسی کھلے مقام پر دفن کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا میں اس وقت تقریباً 10 لاکھ اُونٹ پائے جاتے ہیں، جن کی آبادی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام کے مطابق اگر اُونٹوں کی آبادی میں اضافہ اسی طرح جاری رہا تو آیندہ 8 سے 10 سال میں یہ 20 لاکھ تک پہنچ جائیں گے۔ جنوبی آسٹریلیا کے محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ اے پی وائی لینڈ کے مکین اُونٹوں کی خریدو فروخت کے کاروبار سے منسلک ہیں، لیکن خشک سالی کے باعث انہیں بڑی تعداد میں اُونٹوں کو سنبھالنا مشکل ہو رہا ہے ۔ یہ اُونٹ پانی کی تلاش میں ایک دوسرے کو روندتے ہیں اور ہلاک ہونے والے اُونٹوں کی باقیات ثقافتی مقامات اور پانی کے اہم ذرائع کو آلودہ کرنے کا سبب بھی بن رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے