اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے لاپتا افراد کے وکیل انعام الرحیم کی رہائی کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا۔وزارت دفاع اور وزارت داخلہ نے مشترکہ طور پر لاہور ہائی راولپنڈی بینچ کے رہائی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کرنل (ر) انعام الرحیم کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف تحقیقات چل رہی ہیں، ہائی کورٹ کا رہائی کا فیصلہ خلاف قانون ہے،عدالت عظمیٰ انعام الرحیم کی رہائی کا فیصلہ معطل کرکے اپیل پر تفصیلی سماعت کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
