

لاہور(جسارت نیوز)قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے جنوبی افریقا روانہ ہوگئی ہے، قومی ٹیم پہلا میچ19 جنوری کواسکاٹ لینڈکیخلاف کھیلے گی۔ تفصیلات کے مطابق جونیئر میگا ایونٹ17 جنوری سے جنوبی افریقا کے چاروینیوز پرشروع ہوگا۔انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ17 جنوری سے 9فروری تک جنوبی افریقا کے چار وینیوز پرمنعقد ہورہا ہے۔ جونیئر میگاایونٹ میں شرکت کے لیے وکٹ کیپرراحیل نذیرکی قیادت میں پاکستان ٹیم جمعہ کولاہورسے جنوبی افریقاکے لیے روانہ ہوگئی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجازاحمد جونیئرٹیم کے کوچ ہیں۔ ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ کھلاڑی مکمل تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں، قوم کی دعا سے ورلڈ کپ جیت کر ہی واپس لوٹیں گے۔پاکستان ٹیم پوشف اسٹروم میں قیام کرے گی اوراپنے تینوں گروپ میچزاسی شہرمیں کھیلے گی۔ انڈر19 ورلڈکپ سے پہلے 12سے 15 جنوری تک وارم اپ میچزکھیلے جائیں گے۔ روحیل نذیرالیون نائیجیریا اورسری لنکا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔ٹورنامنٹ میں شریک 16 ٹیموں کو چارگروپس میں تقسیم کیاگیا ہے۔ ہر گروپ سے 2، 2 ٹیمیں کوارٹرفائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔گرین شرٹس ٹیم اسکاٹ لینڈ، زمبابوے اور بنگلا دیش کے ساتھ گروپ سی میں شامل ہے اوراپناپہلا میچ 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ سے کھیلے گی۔ 22 جنوری کوزمبابوے سے مقابلہ ہوگا۔ گروپ کاآخری میچ24 جنوری کوبنگلا دیش سے ہوگا۔
