لاہور(جسار ت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ 2020ء میں شرکت کیلئے روانہ ہونے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کیلیے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی، کپتان قومی ٹی ٹونٹی ٹیم بابراعظم، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد حسنین پر امید ہیں کہ نوجوان کھلاڑی ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ مختلف ادوار میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کرکٹرز متفق ہیں کہ انڈر 19 کرکٹ ، کسی بھی کھلاڑی کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کی پہلی سیڑھی ہے۔ اظہر علی نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2002ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ بابراعظم، آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2010 اور 2012 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2012 میں پاکستان کی قیادت کرنے والے بابراعظم ،ایونٹ کے چھ میچوں میں 287 رنز بناکر سب سے زیادہ اسکور بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔ گزشتہ ورلڈکپ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ نسیم شاہ اور محمد حسنین اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیاکپ 2018 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ فخر زمان کراچی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کرچکے ہیں۔اظہرعلی نے کہا کہ انڈر 19 کرکٹ ، نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں جگہ بنانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو جنوبی افریقا میں بے خوف کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا، ان کا کہناہے کہ کپتان انڈر 19 کرکٹ ٹیم روحیل نذیر اور حیدر علی نے قائداعظم ٹرافی20-2019 کے فائنل میں ناردرن کی نمائندگی کی تھی، بطور حریف کرکٹر وہ دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے جبکہ انڈر 19 ورلڈکپ میں شرکت سے کھلاڑیوں میں دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔ بابراعظم کا کہنا ہے کہ گاشتہ سال قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہا۔ نوجوان بلے بازوں کو مشورہ دیتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ جنوبی افریقا کی پچز پر گیند باؤنس ہوتاہے لہٰذا نوجوان کھلاڑیوں کو مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ فخر زمان کاکہنا ہے کہ انڈر 19 کرکٹ میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے چند کرکٹرز، جن میں روحیل نذیر اور حیدر علی نمایاں ہیں، وہ ان کے ساتھ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ورلڈکپ قومی انڈر 19 سکواڈ میں شامل کئی کھلاڑیوں کیلئے اپنی پہچان بنانے کا بہترین موقع ہے۔شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ قومی انڈر کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان روحیل نذیر اورا سکواڈ میں شامل اسپنر آرش علی خان کے ہمراہ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے،قومی پلیئرز
القمر
