میلبورن (جسارت نیوز) میلبورن اسٹارز نے کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر گلین میکسویل کی ناقابل شکست اور دھواں دار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلوی بگ بیش لیگ کے اہم میچ میں میلبورن رینیگڈز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ اس فتح کے ساتھ میلبورن اسٹارز نے ٹیبل پر سب سے زیادہ 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کرلی، میکسویل نے دھواں دار 83 رنز کی اننگز کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ میلبورن رینیگڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، شان مارش نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیتھن کلٹر نیلی اور سندیپ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں میلبورن اسٹارز نے کپتان گلین میکسویل کے دھواں دار اور ناقابل شکست 83 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ گلین میکسویل نے 45 گیندوں پر 7 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 83 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
بی بی ایل،میلبورن اسٹارز نے رینیگڈز کو ہرادیا
القمر
