علاقے میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی ٗ چوری اور نقب زنی کی وارداتوں کیخلا ف تاجر سڑکوں پر نکل آئے
ٹائر نذرآتش کئے گئے ٗ رینجرز اور پولیس سے مذاکرات کے بعد دکانداروں نے احتجاج ختم کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ناردرن بائی پاس پر جنجار گوٹھ کے دکانداروں اور تاجروں کا ڈکیتی، چوری اور نقب زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرپولیس کے خلاف شدید احتجاج، روڈ بلاک کرکے ٹائر نذرآتش کیے گئے، بدترین ٹریفک جام ہوگیا، پولیس اور رینجرز کے آنے پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔ جمعہ کے روز گلشن معمار کے علاقے جنجار گوٹھ میں روزمرہ کی ڈکیتی، چوری، نقب زنی اور راہزنی کی وارداتوں پر علاقہ مکین، دکاندار اور تاجر مشتعل ہو گئے۔ انہوں نے گزشتہ روز ناردرن بائی پاس پر احتجاج کیا اور ٹائروں کو آگ لگا کر مظاہرین نے ہیوی ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج اور روڈ بلاک ہونے کی اطلاع پر موقع پر رینجرز اور گلشن معمار پولیس پہنچی اور دکانداروں سے مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔ دکانداروں کے مطابق سیکورٹی اداروں کی جانب سے انہیں وارداتوں کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

