تہران،کیف (آن لائن،صباح نیوز) ایران نے یوکرین کا طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ارادی طور پر ’انسانی غلطی‘ کی وجہ سے طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج نے سرکاری نشریاتی ادارے پر جاری بیان میں کہا کہ رواں ہفتے کے آغاز میں تباہ ہونے والا یوکرینی طیارہ پاسداران انقلاب سے وابستہ حساس ملٹری سائٹ کے قریب پرواز کررہا تھا اور اسے انسانی غلطی کی وجہ سے غیر ارادی طور پر نشانہ بنایا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ذمہ دار افراد کو فوج کے اندر جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا جائیگا اور ان کا احتساب ہوگا۔ایرانی فوج نے سرکاری نشریاتی ادارے پر نشر کیے گئے بیان میں طیارے حادثے میں ہلاک متاثرہ افراد کے خاندان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ایران کے صدر حسن روحانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ ’مسلح افواج کی اندرونی تحقیقات سے نتیجہ نکلا ہے کہ افسوسناک طور پر انسانی غلطی وجہ سے داغے گئے میزائلز کے نتیجے میں یوکرین کا طیارہ تباہ ہوا اور 176 معصوم افراد ہلاک ہوگئے تھے۔حسن روحانی نے کہا کہ اس المیے اور ناقابل معافی غلطی کی نشاندہی اور قانونی چارہ جوئی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اس تباہ کن غلطی پر شدید افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے احساسات تمام غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہیں، انہوں نے حادثے میں ہلاک ہونیوالے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔دوسری جانب وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ ایک افسوسناک دن ہے، مسلح افواج کی اندرونی تحقیقات کے ابتدائی نتائج کے مطابق امریکی مہم جوئی کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کے وقت انسانی غلطی اس حادثے کا باعث بنی۔جواد ظریف نے کہا کہ ہمیں اس واقعے پر شدید افسوس ہے ہم اپنی قوم، تمام متاثرین کے اہلِ خانہ اور حادثے میں متاثر ہونے والی دیگر اقوام سے معذرت خواہ ہیں اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔علاوہ ازیںایران نے یوکرین کو میزائل سے تباہ ہونے والے طیارے کے بلیک باکس تک رسائی دے دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ ویدیم پرسٹاکیو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تفتیش کاروں نے تباہ ہونے والے طیارے کے بلیک باکس تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ ایران نے یوکرین کی 50 رکنی ٹیم کو بلیک باکس اور جائے حادثہ تک رسائی دی۔انہوں نے کہا کہ ہم جہاز کے ٹکڑوں کے ساتھ لاشوں کا بھی کیمیکل تجزیہ کررہے ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے، ہم کسی نتیجے تک پہنچنا چاہتے ہیں اور ہم اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں جب کہ ہم کسی بھی امکان کو رد بھی نہیں کررہے ہیں۔دوسری جانب یوکرین کے صدر وولوڈیمر زیلنسکی نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ سفارتی چینلز کے ذریعہ سرکاری معذرت کی جائے اور طیارہ حادثے میں ملوث ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ایران کی جانب سے اعترافی بیان کے بعد یوکرین کے صدر وولوڈیمرزیلنسکی نے کہا ہے کہ ہم مکمل اور کھلی تحقیقات کی یقین دہانیوں کی توقع کرتے ہیں جب کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کی واپسی اور معاوضے کی ادائیگی بھی ایران کی ذمہ داری ہے۔
ایران نے مسافر طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرلیا۔ذمے داروں کو کٹہرے میں لایا جائے، یوکرین
القمر
