سجاول (نمائندہ جسارت) سجاول ضلع کی تحصیل شاہ بندر کے ہیڈ کوارٹر شہر چوہڑ جمالی کی ساحلی پٹی شاہ بندر کی سول سوسائٹی کی طرف سے تعلیم کی بہتری کی لیے اساتذہ میدان میں آگئے، اسکولوں میں سہولیات، اساتذہ کی کمی، بند اسکول کھولنے اور تباہ حال اسکول کی عمارت کی مرمت کے لیے مدنی چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سندھ کلچرل فورم کے رہنما صادق لاکھو، ایاز اخوند، سابق ڈی او تعلیم محمد صدیق میمن، سید گل حسن شاہ، مولوی منظور احمد قادری، ناشاد ملاح، امتیاز میمن، شکور چاوڑو سمیت شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اساتذہ کی کمی شدت اختیار کر گئی ہے، جو سندھ حکومت تاحال پورا نہیں کر رہی، جس سے تدریسی عمل متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اکثر اسکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، فرنیچر کی شدید قلت کے باعث بچے آسمان تلے پڑھائی کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی اسکولوں میں ایک نصاب مقرر کیا جائے۔ سندھ کی تعلیم کو تباہ کیا جارہا ہے، جو ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 8 جنوری کو سندھ میں تعلیم ڈے پر سندھ کلچرل فورم کے تحت الگ الگ پروگرام منعقد کیے جائیں اور سندھ کے تعلیمی نظام کو بہتر بنا کر دیہی علاقوں کے بچوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے ان کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
سجاول، تعلیم کی بہتری کے لیے اساتذہ میدان میں آ گئے، احتجاجی ریلی
القمر
