کراچی (اسٹاف رپورٹر) کئی دنوں سے میڈیا کی زینت بننے والی خبر کا بالاخر ڈراپ سین ہوگیا جب بنگلا دیش کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے سلسلے میں حتمی فیصلہ سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کا دورہ پاکستان خطرے میں پڑ گیا ہے اور بنگلا دیشی حکومت نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال کو بنیاد بناتے ہوئے فی الحال ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے جس میں 2میچز شامل ہیں کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔بنگلادیش کی ٹیم کوٹی20 اور ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور بنگلا دیش اپنی ٹیم کو ٹی20 میچز کے لیے تو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار تھا لیکن وہ ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار تھا۔بنگلادیش نے ٹیسٹ سیریز نیوٹرل مقام پر کھیلنے کی پیشکش کی لیکن پاکستان نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی میچز کھیلے گا۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی ہچکچاہٹ کو دیکھتے ہوئے پاکستان نے انہیں پہلے صرف 2 ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے اور ٹی20 بعد میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی تاہم اس پر بھی بنگلادیش راضی نہ ہو سکا۔دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ آج بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں متوقع تھا جس میں ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے سبب حکومت نے ہمیں طویل عرصے کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت نہیں دی۔کرکٹ انفو کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیں دورہ پاکستان کی اجازت تو دے دی ہے لیکن امریکا ایران کشیدگی کے سبب ہمیں دورہ مختصر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ بنگلا دیش کی ٹیم اپنے سابقہ موقف پر برقرار رہتے ہوئے صرف ٹی20 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔نظم الحسن نے کہا کہ ہم اپنے فیصلے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے گفتگو کریں گے، ہمارا موقف واضح ہے لیکن دیکھنا ہے کہ اب ان کا کیا ردعمل ہوتا ہے، جہاں تک سیکیورٹی کا تعلق ہے تو ٹی20 ایک بہتر آپشن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تو خوش ہونا چاہیے کہ ہم ٹی20 کھیلنے کے لیے تو پاکستان جا رہے ہیں اور ہم اس سے زیادہ انہیں کچھ نہیں دے سکتے۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے واضح کیا کہ ہم نے ٹیسٹ سیریز کے دورہ پاکستان سے انکار نہیں کیا بلکہ ہم صرف شیڈول میں تبدیلی چاہتے ہیں۔حالیہ موقف کے بعد بنگلا دیش کا دورہ پاکستان اب منسوخ ہوتا نظر آ رہا ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی صرف ٹی20 سیریز کی میزبانی سے انکار کر چکا ہے۔دریں اثنا آئی سی سی قوانین کے تحت بنگلا دیش مقررہ دیا ہوئے وقت میں ٹیسٹ سیریز کھیل سکتا ہے۔ اتوار کی چھٹی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا ردعمل موصول نہیں ہوسکا اور اسی طرح آئی سی سی کی جانب سے بھی کوئی موقف سامنے نہیں آسکا۔
بنگلادیش نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا
القمر
