English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایم کیو ایم کے تحفظات؛ وزیراعظم کی ہدایت پرآج حکومتی وفد ملاقات کرے گا

خالد مقبول صدیقی کی وزارت سے علیحدگی کے اعلان کے بعد حکومت نے ایم کیو ایم کو منانے کی کوششیں شروع کردی
وعدوں کے باوجودکراچی کو ایک روپیہ نہیں دیا گیا‘ پارٹی پر عوام کا بہت دباؤ ہے، اب وفاق میں وزارتیں نہیں چاہئیں
اب وزارتیں نہیں عوامی مسائل حل کئے جائیں‘گورنر سندھ اوراسد عمر کوٹیلی فونک گفتگومیں ایم کیو ایم کا صاف جواب
اسلام آباد / کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے وزارت سے علیحدگی کے اعلان کے بعد حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ کو منانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے وزارت سے علیحدگی کے اعلان کے بعد حکومت ایکشن میں آگئی ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے اہم رہنماؤں اسد عمر، جہانگیر ترین اور پرویز خٹک کو ہدایات دی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم قیادت سے آج ملاقات کرے گا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو میں ایم کیو ایم قیادت کی جانب سے کہا گیا کہ صرف اور صرف وعدے کئے جارہے ہیں، کراچی کو ایک روپیہ نہیں دیا گیا، وعدوں کے باوجود کراچی کے مئیر کو ترقیاتی کاموں کی مد میں 25 ارب روپے نہیں دئیے گئے،حیدر آباد کے مئیر کو 5 ارب روپے کی ادائیگی کرنی تھی جو نہ ہوسکی، پارٹی پر عوام کا بہت دباؤ ہے، اب ایم کیو ایم کو وفاق میں وزارتیں نہیں چاہئیں، اب وزارتیں نہیں عوامی مسائل حل کئے جائیں۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلی فون پر بات کی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیوایم کے مطالبات جائز ہیں، حکومت کیے گئے تمام وعدے وفا کرے گی، سندھ کی مقامی قیادت ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کرے۔جس کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں خواجہ اظہار الحسن اور فیصل سبزواری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں گلے شکوے دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، گورنر سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے، ایم کیو ایم سے کئے گئے تحریری معاہدے پر مکمل عمل در آمد کیا جائے گا، بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے، جلد کراچی کو فنڈ جاری کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے پہلے رابطہ نہ کرنے کا گلہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے