English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں 382 خطرناک عمارتوں کی رپورٹ طلب

شہر میں بننے والی غیر قانونی عمارتوں کے بلڈرزکیخلاف کارروائی کی جائے، چیف سیکریٹری
سندھ سیکریٹریٹ میں کراچی ماسٹر پلان سے متعلق اہم اجلاس میں کمشنر کراچی و دیگر کی شرکت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں خطرناک 382 عمارتوں کے حوالے سے رپورٹ طلب، رہائشیوں کی بحالی کے لیے پلان بنانے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت کراچی ماسٹر پلان کے متعلق اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں ہوا جس میں سیکرٹری بلدیات اور محکمہ پلاننگ کی سندھ اربن اینڈ ریجنل ماسٹر پلان اتھارٹی 2020ء پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں ممتاز علی شاہ نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اربن اینڈ ریجنل ماسٹر پلان اتھارٹی 2020ء کا ڈرافٹ سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہاکہ ٹمبر مارکیٹ میں بلڈنگ گرنے کا واقعہ ہو چکا ہے تاہم اس کے باوجود اب بھی غیر قانونی عمارتیں تعمیر ہو رہی ہیں، اجلاس میں ڈی جی ایس بی سی اے نے کہاکہ ٹمبر مارکیٹ کی عمارت کو خطرناک قرار دیا گیا تھا مگر مکین عمارت خالی کرنے کو تیار نہیں تھے، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہاکہ شہر میں بننے والی غیر قانونی عمارتوں کے بلڈرز کے خلاف کارروائی کی جائے، انہوں نے کمشنر کراچی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرتے ہوئے کمیٹی کو ہدایت کی کہ 382 خطرناک عمارتوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کرکے ان میں رہنے والے افراد کی بحالی کے لیے پلان بنایا جائے، اجلاس میں چیئرمین پلاننگ محمد وسیم، سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ، ہیریٹیج فائونڈیشن کی سربراہ یاسمین لاری، ڈی جی ایس بی سی اے ظفر عباس، ڈی جی کے ڈی اے سیف الرحمن سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے