لاہور(جسارت نیوز )سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر خان آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں، نوجوان فاسٹ بولر کے پسندیدہ کرکٹر شعیب اختر ہیں اور وہ انہی کی طرح تیز رفتار بولنگ سے حریف کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھانے کے لیے پرعزم ہیں،ایک سو چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکنے والے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر خان بھی شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، موسیٰ خان اور نسیم شاہ کی طرح انڈر 19 کی سطح سے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی خواہش رکھتے ہیں،قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہمراہ جنوبی افریقا میں موجود نوجوان فاسٹ بولر نے ایونٹ سے قبل دوسرے وارم اپ میچ میں سری لنکا کے خلاف دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر خان میچ کے دوران اپنے پہلے اسپیل میں وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے تاہم انہوں نے دوسرے اسپیل میں نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرکے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل وارم اپ میچ میں شرکت سے انہیں جنوبی افریقا کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملی، ان کا ہدف آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں بہترین بولر کا اعزازحاصل کرنا ہے، انہوں نے کہاکہ وہ تیزرفتار بولنگ کو اپنی قدرتی صلاحیت سمجھتے ہیں اوریہی ان کا ہتھیار ہے،محمد عامر خان کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی فاسٹ بولرز کے ہمراہ ٹریننگ کرنا ایک یادگار تجربہ تھا، انہوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران فاسٹ بولر محمد عامر اور وہاب ریاض نے انہیں اہم ٹپس دیں، نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں نے انہیں مختلف ورائٹیز سیکھائیں ہیں جس کا عملی مظاہرہ وہ ورلڈکپ کے دوران کریں گے،حالیہ سیزن کے دوران قومی انڈر 19 ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عامر خان نے ایونٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کی تھی،وہ اس سے قبل دورہ آسٹریلیا میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔،ٹیپ بال کرکٹ سے کھیل کا آغاز کرنے والے فاسٹ بولر میں کرکٹ کا شوق آئی سی سی ورلڈکپ 2011 کے میچز ٹیلی ویژن پر دیکھ کر پیدا ہوا، انہوں نے کہا کہ وہ شعیب اختر کی تیز رفتار بولنگ اور جمی اینڈرسن کی باؤلنگ اسکلز سے بہت متاثر ہیں،سولہ ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے سلسلے میں جنوبی افریقا میں موجود قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پریٹوریا میں پانچ روز گزارنے کے بعد پوچیف اسٹروم پہنچ گئی ہے، 17جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کے گروپ سی میں موجود پاکستان اپنا پہلا میچ 19 جنوری بروز اتوار کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
تیز رفتار بولنگ کے ذریعے حریفوں پر دھاک بٹھانا چاہتا ہوں ،محمد عامر
القمر
