English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صوبے اسپورٹس کلچر کو فروغ دیں،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

اسلام آباد: انٹر بورڈ بوائز اسپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دیتے ہوئے

اسلام آباد (جسارت نیوز) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور بہتری کیلیے ای پورٹل بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، ملک میں کھیلوں کیلیے ماحول سازگار ہے، آئندہ سیف گیمز پاکستان میں کرائیں گے، ملک میں کھیل کو ایک مرتبہ پھر اس مقام تک پہنچائیں گے جہاں پاکستان کا مقام تھا، تمام صوبوں کو زیادہ سے زیادہ سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینا چاہئے، نجی شعبہ کو کھیلوں کے حوالہ سے کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں انٹر بورڈ بوائز اسپورٹس گالا کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس بورڈ آمنہ عمران ، پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اکرم ساہی، پی ایس بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیت اعظم ڈار، پی ایس بی کے حکام، ملک بھر سے آئے ہوئے بورڈز حکام اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان میں 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو پاکستان کیلیے ایک نعمت ہیں، یہ نوجوان پاکستان کیلیے اثاثہ ہیں، ان نوجوانوں کو آگے لا کر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف رنگوں کو ملا کر کھیل ایک قومیت پیدا کرتے ہیں جو سب کی مضبوطی اور بقاء کیلیے ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انٹر بورڈ اسپورٹس گالا میں 850 خواتین جبکہ 1100 مرد کھلاڑیوں نے حصہ لیا، اس ایونٹ میں پانچ مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبے کھیلوں کے فروغ اور بہتری کیلئے خصوصی بجٹ مختص کریں تاکہ مختلف اسکولوں کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیے جا سکیں، ہمارے ملک میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے لیکن حکمرانوں کو ان کا ساتھ دینا پڑے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں سیکورٹی کے حوالہ سے حالات سازگار ہیں جس کی وجہ سے آئندہ سیف گیمز پاکستان میں کرائیں گے، فاٹا سے لے کر سندھ اور بدین تک کھلاڑیوں کو مقامی اور ضلعی سطح پر مواقع فراہم کریں گے، کھیل صحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے ایونٹ کے انعقاد پر انٹر بورڈ کمیٹی کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ہر سطح پرا سکولوں میں کھیل کے میدان ہونے چاہیں، ہمارے دور میں کھیلوں کے اضافی نمبر ملتے تھے، آج بھی اسی کلچر کو دہرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کھیلوں سے دلچسپی اور لگائو رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کیلیے ای پورٹل بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ دور دراز کے کھلاڑی اپنے ویڈیو کلپس لوڈ کر سکیں تاکہ انہیں قومی دھارے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، حال ہی میں 15 سال کے بچے نے اسکواش کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا، ایسے بچے کی حوصلہ افزائی کیلیے میڈیا کو اس کے انٹرویو کرنے چاہئیں۔ انہوں تمام فیڈریشنوں کو ہدایت کی کہ وہ کھیلوں کے فروغ اور بہتری کیلیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ایونٹ میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبے زیادہ سے زیادہ اسپورٹس کے کلچر کو فروغ دیں، یہاں کھیل کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، نجی شعبہ کو بھی اس حوالہ سے آگے آ کر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کو ایک مرتبہ پھر اس مقام تک پہنچائیں گے جہاں پاکستان کا مقام تھا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی اسپورٹس ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران نے کہا کہ اس گالا میں مختلف بورڈز کے بچوں نے شرکت کی جس سے قومیت کا جذبہ اجاگر ہوا، توقع رکھتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اس طرح ایونٹ کا انعقاد کریں۔ انہوں نے ایونٹ میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے