وزیراعظم صرف دعوے اوراعلانات کرتے ہیں،گورنر سندھ بادشاہ آدمی ہیں،اویس شاہ
عمران نے کراچی کو ڈیڑھ سال میں ایک دھیلا بھی نہیں دیا،اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاق کا گرین لائن منصوبہ رواں سال بھی مکمل نہ ہونے کا امکان ہے ،یہ بات وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے سندھ اسمبلی کے باہر ماس ٹرانزٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوارن گرین لائن میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن میٹرو بس منصوبہ دوہزاراکیس میں بھی مکمل نہیں ہوگا، وزیراعظم صرف دعوے اوراعلانات کرتے ہیں،گورنر سندھ بادشاہ آدمی ہیں۔ اویس شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے کراچی کو ڈیڑھ سال میں ایک دھیلا بھی نہیں دیا، نیازی صاحب کا جہاز کراچی لینڈ تو کر جاتا ہے مگر ان کے منہ سے نکلی بات کہیں لینڈ نہیں کرتی۔ عمران خان یہاں پر اتریں گے پھر بھول جائیں گے ، عمران خان کراچی آئیں ان کو اپنی گاڑی میں کراچی کی سیر کرواتا ہوں اور کام دکھاتا ہوں کہ پیپلزپارٹی نے کراچی میں کیا کیا کام کیا ہے۔ کراچی کو روشنیوں کا شہر بنادیا ہے ، وفاق سندھ کو کسی بھی منصوبے کے متعلق اعتماد میں نہیں لیتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس عوام کے مسائل حل کرنے کا تجربہ ہی نہیں ہے ، کراچی بھی پاکستان کا حصہ ہے۔ عمران خان نے ایک روپیہ بھی نہیں دیا، ماس ٹرانزٹ اتھار ٹی کے بجٹ، نئی تقرریوں اور دفتر کے حصول کی منظوری دے دی ہے، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے یلو لائن بس منصوبے کے لیے معاہدے کی منظوری دیدی ہے۔

