شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، گرفتار افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، کراچی پولیس چیف
جمعہ کو سہ پہر 3 بجے سے شام6 بجے تک کراچی کے 100 مقامات پر سخت چیکنگ کی جائے گی، ہدایت جاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پولیس چیف غلام نبی میمن کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف وزی کرنیوالوں کیخلاف مہم کا باقاعدہ آغاز کل( جمعہ) سے کیا جائیگا۔ خصوصی ٹیمیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کریں گی جمعہ سے ون وے کی خلاف ورزی پر غیر معمولی کارروائی ہوگی جس میں100 مقامات پر کل جمعہ کی سہ پہر3بجے سے شام6بجے تک چیکنگ کی جائیگی۔ مختص مقامات پر ون وے کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو فوری گرفتار کرکے ڈرائیوروں کے خلاف دفعہ279 کے تحت مقدمہ درج کیا جائیگا۔ ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے تمام ایس پیز‘ ڈی ایس پیز اور سیکشن افسران کو احکام جاری کردیئے ہیں۔ پولیس افسران مہم کی خود نگرانی کریں گے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی بلا تفریق ہوگی اور خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائیگا۔ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

