اگر تمام ملکی ادارے ایک پیج پرنہ ہوئے توملک انار کی طرف چلاجائے گا‘وفاقی وزیر
جاویدلطیف خواجہ آصف کے وزیراعظم بننے کیخلاف ہیں‘نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ راناثنااللہ اور شہریارآفریدی کو قرآن نہیں اٹھانا چاہئے تھا اگرمیں اسپیکر ہوتا تو دونوں کو 15،15دن کیلئے معطل کر دیتا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کوایک پیج پر ہوناچاہئے اگر ادارے ایک پیج پرنہ ہوئے توملک انار کی طرف چلاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ فوج پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کی ہے، بل کی حمایت میں ووٹ دے کر ن لیگ اور پی پی نے بہت اچھا کام کیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ جاویدلطیف خواجہ آصف کے وزیراعظم بننے کیخلاف ہیں۔ جاویدلطیف بتائیں خواجہ آصف اور شاہدخاقان کے درمیان کیاجھگڑا ہے، نوازشریف اورآصف زرداری اپنی اننگزکھیل چکے ہیں، دونوں کی سیاست اب باقی نہیں رہی، آصف زرداری نے بلاول بھٹو کو آگے کر دیا ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ بل کی حمایت کا مریم نواز اور بلاول کو نہیں پتا۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور (ق) لیگ کے گلے شکوے درست ہیں،ایم کیو ایم نے کہا وزارت چھوڑ رہے ہیں مگر حکومت نہیں، وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اس وقت بھی کہا تھا نوازشریف کو با ہر نہیں جانا چاہئے، نوازشریف لندن میں ایک دن بھی اسپتال میں داخل نہیں ہوئے، ڈاکٹرزکی ہدایت پر نوازشریف کو باہر جانے دیا گیا اب ڈاکٹرز پر انکوائری بیٹھنی چاہئے جنہوں نے کہا نوازشریف بہت بیمار ہیں۔

