سی این جی کا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے جبکہ شہریوںکو نقل و حمل میںشدید مشکلات کا سامنا ہے
ہفتے میں محض دوبار 24 گھنٹے سے بھی کم گیس فراہم کی جا رہی ہے ‘آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سی این جی اسٹیشنز کے مالکان نے سندھ میں گیس بندش کے خلاف بدھ کو سوئی سدرن کمپنی کے ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کے جنرل سیکرٹری سید ولی وارثی کے مطابق سندھ میں گیس کی مسلسل بندش کے باعث سی این جی اسٹیشنز مالکان کا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے جبکہ گیس کی طویل بندش سے شہریوںکو بھی نقل و حمل میںشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہے اور آئین کے مطابق صوبے سے نکلنے والی گیس پر سندھ کا پہلا حق ہے تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے گیس کی غیر منصفانہ تقسیم کے نتیجے میں سی این جی سیکٹر گزشتہ2 ماہ سے شدید بحران کا شکار ہے اور ہفتے میں محض دوبار 24 گھنٹے سے بھی کم گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس بندش کے خلاف سی این جی اسٹیشنز مالکان بدھ کی دوپہر سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس کے سامنے پر امن احتجاج کریں گے جس میں سی این جی اسٹیشنز کے ورکرز بھی شریک ہوں گے۔ دریں اثنا کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا ہنگامی اجلاس سید ارشاد حسین شاہ بخاری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اتحاد میں شامل تنظیموں کے عہدیداران و اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بروز بدھ بوقت 12 بجے دن سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے ہیڈ آفس سوک سینٹر کے سامنے سی این جی کی بندش کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جو کہ بالکل پرامن ہوگا۔

