کراچی(اسٹاف رپورٹر )آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 ء میں شرکت کی غرض سے جنوبی افریقامیں موجود قومی انڈر 19 اسکواڈ نے جمعرات کو پوچیف اسٹروم کے نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اسپورٹس ویلج میں 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن میں بھرپور پریکٹس کی۔ گزشتہ روز سے شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ کل اسکاٹ لینڈکے خلاف کھیلے گا۔میگا ایونٹ میں اپنے سفر کے آغاز سے قبل پریٹوریا میں نائیجیریا اور سری لنکا کے خلاف دونوں وارم اپ میچز میں کامیابی حاصل کرنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بدھ کی شام پریٹوریا سے پوچیف اسٹروم پہنچی تھی۔آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ سے قبل قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر تبصرہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہاکہ پہلے وارم اپ میچ میں نائیجیریا جیسی قدرے کمزور ٹیم سے مقابلہ ہوا، حریف ٹیم کو 109 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد قومی انڈر19 ٹیم کے بلے بازوں کو بھی زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑاجبکہ اوپنر حیدر علی کی برق رفتار نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے وارم اپ میچ میں 9وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔انہوںنے کہا کہ سری لنکا انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف وارم اپ میچ اصل پریکٹس میچ تھا، تاہم فہد منیر کی نصف سنچری سمیت محمد حارث اور حیدر علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت قومی انڈر 19 ٹیم نے دوسرے وارم اپ میچ میں بھی باآسانی کامیابی حاصل کی۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا کہ انڈر 19 ورلڈکپ میں ان کاپہلا ہدف گروپ مرحلے میں ٹاپ کرنا ہے تاکہ ٹیم کوارٹر فائنل بھی پوچیف اسٹروم میں کھیلے کیونکہ گروپ مرحلے کے اختتام پر دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو اپنا کوارٹرفائنل میچ جوہانسبرگ میں کھیلنا ہوگا،امید ہے کہ نوجوان کھلاڑی جلد پوچیف اسڑوم کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائیں گے۔ہیڈ کوچ نے کہاکہ جنوبی افریقاپہنچنے کے اگلے روز ہی قومی انڈر 19 ٹیم نے پنا پہلا وارم اپ میچ کھیلا، جس کے باعث نوجوان کرکٹرز کی بولنگ میں ردھم کی کمی نظر آئی مگر سری لنکا کے خلاف عباس آفریدی، محمد عامر خان، عامر علی اورطاہر حسین نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا، اس دوران قاسم اکرم اور فہد منیر نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔اعجاز احمد نے کہاکہ قومی انڈر 19 اسکواڈ میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا پہنچنے سے قبل تمام کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقدہ طویل دورانیے کے تربیتی کیمپ میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے ایک قدم آ گے آئیں۔شیڈول کے مطابق کل پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ‘22جنوری کوپاکستان بمقابلہ زمباوے‘24جنوری پاکستان بمقابلہ بنگلا دیش اور9فروری کو فائنل ہو گا-
نوجوان کھلاڑیوں کیلئے صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا وقت آگیا،اعجاز احمد
القمر
