English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بنگلا دیش سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی مالیت کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کردیا۔ سیریز میں شامل3 ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے11 فروری تک راولپنڈی میں جاری رہے گا۔پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کے3 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عوام خاص طورپر فیملیز کی سہولت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سیریز کے لیے ٹکٹوں کے نرخ کم کردئیے ہیں۔3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ کل صبح 10 بجے سے شروع ہوگی۔ شائقین کرکٹ www.yayvo.com سے ٹکٹ آن لائن بک کرسکتے ہیں تاہم ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سینٹرز سے ٹکٹوں کی فروخت 21 جنوری کو صبح 9 بجے سے شروع ہوگی۔3ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے انضمام الحق، نذر، قائد، امتیاز احمد، ظہیر عباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمد اور سرفراز نواز انکلوڑرز کے ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ان میچزمیں اے ایچ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوڑرز کے ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے مقرر کردی گئی ہے جو سری لنکا کے خلاف سیریز میں 1500 روپے تھی۔آئندہ سیریز میں عمران خان اور فضل محمود انکلوڑرز کے ٹکٹ 2000 روپے میں فروخت ہوں گے۔ گذشتہ سیریز میں ان انکلوژرز کے ٹکٹ 3000 روپے میں دستیاب تھے۔سری لنکا سیریز میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوڑرز کا 5000 روپے میں فروخت ہونے والا ٹکٹ بنگلا دیش سیریز میں 4000 روپے میں دستیاب ہوگا۔7 تا 11 فروری راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میچ کے لیے میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوڑرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر ڑھائی بجے شروع ہوں گے۔سیریز میں شامل پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا جبکہ واحد ایک روزہ اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی مکمل تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔ شائقین کرکٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹی سی ایس سنٹرز سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کا زبردست رجحان دیکھا گیا لہٰذا پی سی بی نے ان کی دلچسپی کے پیش نظربنگلادیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے ہیں۔ بابر حامد نے کہا کہ آئندہ چند ہفتے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھرپور کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پی ایس ایل 2020 کے 14 میچز بھی لاہور میں ہی ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے