کیمیکل والے پانی کے سمندر میں چھوڑے جانے سے آبی حیات کو شدید خطرات اور فضائی آلودگی پھیل رہی ہے
حفاظتی تدابیر نہ ہونے کی وجہ سے فیکٹری ملازمین بھی کینسر، ہیپا ٹائٹس جیسی موذی بیماری کا شکار ہو رہے تھے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائٹ ایریا میں سیپا نے کارروائی کرکے 7 فیکٹریاں سیل کردیں۔ تفصیلات کے مطابق واٹر کمیشن کی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر سندھ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کے ڈپٹی ڈائریکٹر وارث علی گبول کی سربراہی میں انسپکٹر رائو ذیشان، انسپکٹر فیصل ملک سمیت سیپا کے عملے نے سائٹ ایریا میں 7 فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کرکے کام بند کروا دیا، ان فیکٹریوں سے کیمیکل والا خطرناک پانی سمندر میں چھوڑا جارہا تھا جس سے آبی حیات کو شدید خطرات ہیں اور علاقے میں فضائی آلودگی پھیل رہی تھی، حفاظتی تدابیر نہ ہونے کی وجہ سے فیکٹری میں کام کرنے والے ملازمین بھی ان خطرناک کیمیکل کا شکار ہوکر کینسر، ہیپا ٹائٹس، دمہ و دیگر موذی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں جوکہ انوائرمنٹ قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

