ایس ایس پی شکار پور رضوان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں ٗ پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے ایس ایس پی شکارپور کے سنگین الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کردیا اور کہا ہے کہ مجھ پر اور میرے خاندان پر بھونڈے اور بے بنیاد الزامات عائد کرکے ایس ایس پی شکارپور سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں، میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں، شکارپور کے عوام نے مجھے تین مرتبہ منتخب کرکے عزت بخشی ہے۔ ایک پولیس افسر گھناؤنے الزامات عائد کرکے میری ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ دنیا جانتی ہے ایس ایس پی شکارپور رضوان پیٹرول چوری کے الزام میں ملوث رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہنگامی پریس کرتے ہوئے کیا۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ ہنگامی پریس کانفرنس بلانے کا مقصد ایک اہم ایشو کے سامنے آنے پر لازمی سمجھا کہ میڈیا کو بریف کروں۔ انہوں نے کہا کہ بقول سیکریٹ رپورٹ جو آئی جی اور ڈی آئی جی تک جانے سے قبل اپوزیشن تک پہنچی میرا کردار اس کی کیا حیثیت ہوگی، اس جھوٹی رپورٹ میں مجھے اور بیٹے کو جرائم میں ملوث ظاہر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ کے ساتھ ایک اجلاس میں تھا تو پتا چلا کہ الیکٹرونک میڈیا اورسوشل میڈیاپر سیکرٹ رپورٹ چلائی گئی ہے، جس میں میری ذات اور میرے خاندان پر بھونڈے الزامات لگائے گئے کہ میں خدانخواستہ کرمنلزکو سپورٹ کرتا ہوں۔ امتیاز شیخ نے مزید کہا کہ میں شکارپور میں امن وامان کی خراب صورتحال کے حوالے سے صوبائی کابینہ اوروزیراعلیٰ سندھ کو بتاچکاہوں، شکارپورکے ڈی آئی جی کو بھی کئی بار شکایات کیں خود آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام کو بھی آگاہ کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

