English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آٹابحران حکومت کی بدترین نالائقی ہے، اپوزیشن

القمر

کراچی/اسلام آباد/لاہور/لندن(اسٹاف رپورٹر+ نمائندہ جسارت+ خبر ایجنسیاں )ملک بھر میں آٹے کے بحران پر اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی بدترین نالائقی اور نااہلی قراردیدیا ہے، اپوزیشن رہنمائوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مخصوص دوستوں کو نواز نے کے لیے ملک میں آٹے کا بحران جان بوجھ کر پیدا کیا ہے ۔ صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے آٹے کے بحران اور حکومت کی جانب سے آٹے کی قیمت میں اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خوراک دونوں کوآٹے کے بحران کا ذمے دار قرار دے دیا، شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قوم کو بتایا جائے گندم کا اسٹاک کہاں گیا؟ ہمارے دور میں پاکستان گندم برآمد کررہا تھا، ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں؟۔عمران نیازی لائو لشکر کے بغیر عام آدمی کے طورپر بازار جائیں تاکہ انہیں آٹے دال کا بھائو معلوم ہو سکے،بجلی، گیس، گندم، ترقیاتی کاموں سمیت ہر شعبے کی تنزلی اور قوم کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتاہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے گندم کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت نے 40ہزارمیٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر بحران جان بوجھ کر پیدا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مخصوص دوستوں کو نوازنے کے لیے آٹے کا بحران پیدا کیا، حکومت کے گودام آٹے سے بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جارہی۔بلاول کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا، سلیکٹڈ وزیراعظم ناکام ہوچکے ہیں، ایک ہفتے میں دوسری بار آٹا مہنگا ہوا یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تاریخ کی مہنگی قیمتوں پرآٹا فروخت ہورہا ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں۔ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹے کا بحران حکومت کی بدترین نالائقی ہے، عمران خان کی حکومت کی غلط پایسیو ں کی وجہ سے یہ ملک مزید نا لائقی اور نا اہلی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ خان صاحب آپ نے مکان، دکان، کاروبار اور مزدوری تباہ کرنے کے بعد اب غریبوں کا آٹا بھی بند کر دیا، نئے پاکستان میں آٹا ختم اور تندور بند ہوگیا اور عوام اب لنگر سے روٹی کھائیں؟۔ ن لیگ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میںآٹے کے بحران نے بزدار حکومت کی نا اہلی کا پول کھول دیا ہے۔حکومت نے پیسے بچانے کے چکر میں گزشتہ سال گندم نہیں خریدی۔گندم نہ ہونے کی وجہ سے مارکیٹ سے آٹا غائب ہو گیا ہے۔دوسری جانب سندھ حکومت نے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے اورگندم کے بحران کاذمے دار وفاق کو قرار دیا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیر زراعت سندھ محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ میں گندم کا بحران نہیں ہے اور فلورملزمالکان کو آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کراچی میں آٹے کی سرکاری قیمت 45روپے فی کلو ہے۔وزیر زراعت نے صوبے میں آٹامہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف تمام ڈپٹی کمشنرز کو کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جو فلورملز مالکان اور دکاندار سرکاری قیمت پر عمل نہ کریں ان کی ملیں اور دکانیں سیل ہونگیں۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ڈیڑھ سال میں مہنگائی پرکوئی کنٹرو ل نہیں کیا، وفاقی حکومت عوام سے بھاری ٹیکسز لینے کے باوجود مہنگائی کم نہ کرسکی، جس حکومت میں عوام کو ریلیف دینے کی صلاحیت نہ ہو اس کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے