لاہور(جسارت نیوز ) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے بعد عوام کا جوش مزید بڑھنے لگا، بنگلا دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی جبکہ گزشتہ روز10 بجے سے پہلے ہی 500 روپے کے تمام ٹکٹس فروخت ہو گئئے۔ پاک بنگلا دیش ٹی 20 دیکھنے کیلئے عوام میں جنون بڑھنے لگا، پہلے روز صبح سویرے ہی 500 روپے والے تمام ٹکٹس آن لائن فروخت ہو گئے۔ پی سی بی نے کرکٹ دیوانوں کو تفریح کا زیادہ موقع فراہم کرنے کے لیے قیمتیں مزید کم کر دیں۔چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلے اس ماہ کی 24 تاریخ سے شروع ہونگے، 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی۔ پی سی بی کی طرف سے دی گئی ویب سائٹ پر ٹکٹس خرید نے کا عمل جاری ہے۔پی سی بی نے شائقین کو ا سٹیڈیم میں آنے کے زیادہ مواقع دیتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی کم کر دی ہیں۔ عبدالحفیظ کاردار، راجاز، جاوید میانداد، سعید انور انکلوڑرز کے ٹکٹس 1500 روپے سے ایک ہزار روپے کر دی گئیں۔اسی طرح عمران خان اور فضل محمود انکلوڑرز میں بیٹھ کر میچ دیکھنے والوں کو ایک ہزار روپے فی ٹکٹ رعائت دی گئی ہے جبکہ وسیم اکرم اور وقاریونس کے سب سے مہنگے ٹکٹ بھی ایک ہزار روپے کم کر کے 4 ہزار روپے میں خریدے جا سکتے ہیں۔دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے میں آئندہ ماہ شیڈول واحد ٹیسٹ میچ میں کرکٹ دیوانے راولپنڈی ا سٹیڈیم میں 500 روپے اور ہزار روپے میں میچ دیکھ سکیں گے۔
پاکستان بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز،500والے تمام ٹکٹس فروخت
القمر
