کئی بار توجہ دلانے کے باوجود ختم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے، ٹریفک کی روانی متاثر، مکینوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے، چیئرمین کے ڈبلیو جی اے
بارشوں سے قبل نالوں پر قائم تجاوزات کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، ملک ذوالفقار علی کا وزیر اعلیٰ سندھ، میئر کراچی اور کمشنر کراچی افتخار شلوانی سے نوٹس لینے اور تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ
کراچی (اے پی پی) کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو جی اے) کے چیئرمین ملک ذوالفقار علی نے پی ای سی ایچ ایس اور سندھی مسلم سوسائٹی کے درمیان نالے پر قائم تجاوزات کو آبادی کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے نشاندہی کی ہے کہ بارشوں کی صورت میں گھروں کے ڈوبنے کا اندیشہ ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نالے پر تجاوزات کی بھرمار ہے جو کئی بار توجہ دلانے کے باوجود ختم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے علاوہ ارد گرد کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کاروبار بھی بُری طرح متاثر ہوتا ہے۔ ملک ذوالفقار علی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر اور کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی سے پی ای سی ایچ ایس اور سندھی مسلم سوسائٹی کے درمیان نالے پر قائم تجاوزات کا نوٹس لینے اور تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ بارشوں سے قبل ہی نالوں پر قائم تجاوزات ختم کرکے نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ نکاسی کی روانی ممکن بنائی جاسکے، بصورت دیگر ماضی کی طرح بارشوں کا پانی گھروں میں داخل ہونے کا خطرہ ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا تھا، تاہم وقت سے پہلے ہی نالے بحال کرنے سے ممکنہ پریشانی سے بچا جاسکتا ہے۔

