اسلام آباد (آن لائن )فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف )کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد چین پہنچ گیا جبکہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں، ایف اے ٹی ایف کا اجلاس آج ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا 3 روزہ مذاکراتی اجلاس 21 جنوری سے 23 جنوری تک چین کے دارالحکومت بیجنگ میں آج شروع ہوگا جبکہ پاکستانی وفد کے بیجنگ میں ایف اے ٹی ایف حکام سے آج براہ راست مذاکرات ہوں گے۔پاکستانی وفد میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)، کسٹمز، اسٹیٹ بینک، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے حکام شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد اجلاس سے قبل ایک باہمی میٹنگ بھی کرے گا۔واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف نے گزشتہ ماہ دسمبر میں پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کے جواب میں 150 سوالوں کے جواب 8 جنوری 2020ء تک طلب کیے تھے۔ ان سوالات میں پاکستان میں مدرسوں سے متعلق زیادہ وضاحتیں طلب کی گئی تھیں جب کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق پیش رفت سمیت دہشت گردوں پر قائم مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان نظر ثانی رپورٹ 8 جنوری کو ایف اے ٹی ایف کو بھجوا چکا ہے جس کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خلیج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔تنظیم کی بنیادی ذمے داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہیں۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس آج ہوگا ، پاکستانی وفد چین پہنچ گیا
القمر
