پوچیف اسٹروم(جسارت نیوز)قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے سپرلیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں کوالیفائی کرلیا ۔ بدھ کے روز قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حارث کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت زمباوے انڈر 19 ٹیم کو 38 رنز سے شکست دی۔ پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ گروپ سی کے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں زمباوے کی ٹیم 47ویں اوور میں 256 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ 48 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیلنے پرپاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حارث کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔پوچیف اسٹروم میں کھیلے گئے میچ میں زمباوے انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو محض 27رنز پرپاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اوپنر حیدر علی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ انہوں نے 19 رنز بنائے، جس کے بعد فہد منیر اور محمد شہزاد کے درمیان46 رنز کی شراکت قائم ہوئی مگر اس کے بعد قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی یکے بعددیگرے 2 وکٹیں گرگئیں۔ اوپنر محمد شہزاد 27 اور کپتان روحیل نذیر بغیر کوئی رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مجموعی طور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد فہد منیر اور قاسم اکرم نے کریز سنبھالی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ قاسم اکرم 54 اور فہد منیر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم پاکستان انڈر 19 کی جانب سے سب سے اہم اننگز مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حارث نے کھیلی۔ انہوں نے 48 گیندوں پر 81 رنز کی برق ر فتار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 300 کے پاس پہنچادیا۔ ان کی اننگز میں6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ قومی انڈر 19 ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ زمبابو ے کی جانب سے ڈائیلان گرانٹ نے 46 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں زمباوے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا آغاز متاثرکن رہا۔ ابتدائی 38 اوورز میں 208 رنز بنانے والی زمباوے انڈر 19 ٹیم کے محض 4 کھلاڑی ہی آؤٹ ہوئے تھے تاہم قومی انڈر 19 ٹیم کے میڈیا پیسر محمد عباس آفریدی نے 39 ویں اوور میں 2وکٹیں حاصل کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ زمباوے انڈر 19 ٹیم کے ملٹن شومبا اور ویسلے مادھیویرے نصف سنچریاں اسکور کرکے نمایاں بیٹسمین رہے۔ ملٹن شومبا کو 58 رنز پر عباس آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی۔ اوپنر ویسلے مادھیویرے53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ڈائن مائیرز 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں اسپنر قاسم اکرم نے آؤٹ کیا۔ زمباوے انڈر19 کی پوری ٹیم 46.3اوورز میں 256 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ قومی انڈر 19 ٹیم کی جانب سے عباس آفریدی اور طاہر حسین 3،3جبکہ قاسم اکرم اور عامر علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا گروپ میچ کل بنگلا دیش کے خلاف کھیلی گی۔
انڈر 19 ورلڈکپ ،پاکستان کی دوسری مسلسل کامیابی زمبابوے کو 38 رنز سے شکست
القمر
