میونسپل کمشنر کا دیگر ذمہ داریوں کے باعث عدم دلچسپی کا اظہار،ریونیوکاشعبہ بھی زوال کاشکار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر وسیم اختر کے بیرون ملک جانے اورمیونسپل کمشنر کراچی کی جانب سے کے ایم سی کو کم وقت دینے سے ادارے میں انتظامی بحران بڑھنے لگا، باخبرذرائع کے مطابق بظاہر ڈپٹی میئر کراچی ارشد حسن قائم مقام میئر کراچی کے فرائض سرانجام دیتے ہیں لیکن وہ کوئی اہم فیصلہ نہیں کرسکتے ، گزشتہ دنوں فائر بریگیڈ میں ڈیزل کی کمی ایک مسئلہ بنی ہوئی تھی جس کی وجہ کنٹریکٹر کی جانب سے کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ڈیزل کی فراہمی کی بندش تھی۔ ذرائع کے مطابق میئر کراچی کی موجودگی میں بھی میونسپل کمشنر کراچی ڈاکٹرسیف الرحمن ادارہ ترقیات کراچی اورکڈنی ہل میں بنائے جانے والے اربن فاریسٹ کے معاملات میں زیادہ دلچسپی لے رہے تھے جس کی وجہ سے کے ایم سی کے معاملات خراب ہورہے ہیں۔ اس وقت میونسپل کمشنر کے ایم سی ،ڈی جی کے ڈی اے کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کی جانب سے دی گئی ایک اورذمہ داری بھی اداکررہے ہیں، اس کے علاوہ خود کے ایم سی میں متعدد افسران دو،دوعہدوں پر فائز ہیں جبکہ کئی افسران ایسے ہیں جوکئی کئی ماہ سے گھر بیٹھے تنخواہ وصول کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق من پسند افسران کی تقرری کے باعث کے ایم سی کا ریونیو زوال پذیر ہے ، فنڈز میں مسلسل زوال پذیر ی کے باعث کے ا یم سی اپنے فنڈز سے کوئی منصوبہ مکمل کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے ، کئی بار ایسا ہوا ہے کہ کنٹریکٹرز کے ایم سی کے فنڈز سے شروع کئے جانے والے منصوبوں پر کام کرنے سے انکارکردیتے ہیں۔

