English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اب ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھی ایکشن ہوگا‘ گورنر سندھ

آٹے کی اتنی قلت نہیں جتنی دکھائی جا رہی ہے ،پاسکو گوداموں میں 3 لاکھ ٹن گندم موجود ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے چیئر مین ذوالقرنین خان کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم اسٹورز کا دوسرے دن بھی اچانک دورہ کیا۔ اس سلسلے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل گلشن اقبال میں یوٹیلیٹی اسٹور پرگئے جہاں پر انہوں نے 12000 آٹے کے بیگز کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گورنر عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی اتنی قلت نہیں جتنی دکھائی جا رہی ہے ،پاسکو گوداموں میں 3 لاکھ ٹن گندم موجود ہے جس کی فراہمی کے لئے این ایل سی کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں صوبے بھر میں آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ یہ ایک مصنوعی بحران ہے اس سلسلے میں وزیر اعظم آفس بھی ایکشن لے گا، گندم کی ملز کو فراہمی ہر صورت یقینی بنا ئی جارہی ہے اب ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن ہوگا ،وزیراعظم بیرون ملک ہیں مگر انہیں عوام کی فکر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت شہریوں کو 400 روپے میں 10 کلو آٹا دیا جا رہا ہے اور مارکیٹ ریٹ 600 روپے سے زائد ہے ،اس طرح مارکیٹ ریٹ سے کم پر آٹا لوگوں کو مل رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب پر گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ آٹے کے مصنوعی بحران کے حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں ذمہ داروں کا تعین کرنے کے بعد ایکشن ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اسٹورز کو جدید خطوط پر کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے تاکہ کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکے۔ آئی جی سندھ کی تعیناتی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ معاملہ باہمی مشاورت سے حل کرلیں گے۔اس موقع پر چیئر مین یوٹیلیٹی اسٹورز نے کہا کہ وزیراعظم کے پیکیج میں تیل ، دال ، چینی سمیت دیگر اشیاء بھی ہیں جس کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے 7 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آٹے بحران کی انکوائری ہوگی جو ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا،یوٹیلیٹی اسٹورز پیکیج کی کڑی نگرانی کررہے ہیں۔ وزیراعظم کا وڑن ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ ذوالقرنین علی نے بتایا کہ ملک بھر میں اسٹور کی تعداد 4 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار کی جارہی ہے جس میں فرنچائز کے ذریعے روزگار کے مواقع میسرہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے