کشمیر سے متعلق عالمی رائے پاکستان کے مؤقف سے مطابقت رکھتی ہے،وزیر خارجہ
مہم کے دوران کشمیر کو میڈیا، اندرونِ ملک سمیت دنیا بھر میں اُجاگر کیا جائے گا،پریس کانفرنس
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لیے 25 جنوری سے مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزراء اور مشیران کے ہمراہ دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر سے متعلق عالمی رائے پاکستان کے موقف سے مطابقت رکھتی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 25 جنوری سے مسئلہ کشمیر سے متعلق مہم شروع کی جائیگی، جس کے دوران مسئلہ کشمیر کو میڈیا، اندرونِ ملک سمیت دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ملک بھر کی آرٹ گیلریز میں مسئلہ کشمیر سے متعلق تصویری نمائشیں بھی منعقد کی جائیں گی۔بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مشنز وہاں کے عوام کو اس دیرینہ مسئلے سے آگاہ کریں گے۔

