ایک درجن سے زائد مویشی قبضے میں لے لئے گئے، اختر کالونی میں فٹ پاتھ پر بنی دکانیں مسمار کردی گئیں
کراچی (وقائع نگار خصوصی) بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انسداد تجاوزات نے نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی باڑے پر چھاپہ مار کر ایک درجن سے زائد مویشی قبضے میں لے لیے، اختر کالونی میں فٹ پاتھ پر قائم دکانیں مسمار کر دی گئیں جبکہ شہر کی شاہراہوں پر لگے سائن بورڈ اتارنے کا کام جاری ہے۔ سینئر ڈائریکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ سینٹرل بلاک بی نارتھ ناظم آباد میں رہائشی علاقے میں قائم مویشیوں کے غیر قانونی باڑے پر آپریشن کرکے بڑی تعداد میں مویشی ضبط کرلیے گئے کارروائی ڈائریکٹر سینٹرل منہاج الحق، ڈپٹی ڈائریکٹر سید مشتاق علی، منظر مہدی، علاقہ اسسٹنٹ کمشنر، علاقہ پولیس اور انسداد تجاوزات کیٹل اسٹاف نے کی۔ واضح رہے کہ رہائشی علاقوں میں مویشیوں کے تجارتی باڑوں کا قیام غیر قانونی ہے، ڈسٹرکٹ ایسٹ شاہراہ فیصل پر سرکاری پولوں پر لگے بے ہنگم خطرناک اور ناجائز اسٹیمر کے خلاف آپریشن کرکے تمام اسٹیمر ہٹا دیے گئے، ڈسٹرکٹ سائوتھ کلفٹن میں دو تلوار اور تین تلوار چورنگی پر بنائی گئی دیواریں مسمار کردی گئیں جوکہ غیر قانونی ایڈورٹائمزمنٹ کے لیے بنائی گئی تھی۔

