کے ڈی اے کے بعد کے ایم سی میں بھی جعلی ٹینڈرز کا انکشاف
ڈیوالو کے نام پر گزشتہ 5 سالوں سے شہر کی ترقی سے کھلواڑ جاری ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کروڑوں روپے کی لاگت کے ترقیاتی منصوبوں میں بڑے پیمانے پر خوردبرد سامنے آگئی، کے ڈی اے کے بعد کے ایم سی میں بھی مبینہ جعلسازی سے جعلی ٹینڈرز کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سائوتھ زون کے طلب کیے گئے 70 کروڑ روپے کی لاگت کے 40 ٹینڈرز میں سے متعدد ترقیاتی کام پہلے ہی مبینہ جعلسازی سے ٹھکانے لگا دیے گئے، ڈیوالو کے بے تاج بادشاہ کہلائے جانے والے ایکسین روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ فضل منگی کے مبینہ دستخط سے جاری ترقیاتی کاموں کے ورک آرڈر منظر عام پر آگئے، کے ڈی اے کی طرح کے ایم سی میں بھی جعل سازی سے کروڑوں روپے کا فنڈ ہڑپ کرنے کا منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔ ڈیوالو کے نام پر جعلسازی سے گزشتہ 5 سالوں سے کراچی کی ترقی سے کھلواڑ جاری ہے، کراچی کے سینئر کنٹریکٹرزاور سینئر افسران میں تشویش۔ نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کے علاوہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے فوری نوٹس تحقیقات اور سخت احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔

