نیم طبی عملے اور تیمارداروں کو بھی اس کے استعمال پر جرمانہ کیا جائے گا
میئر کراچی وسیم اخترر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کے ماتحت تمام اسپتالوں کو احکامات جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں پان، گٹکا، چھالیہ اور تمباکو کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں سمیت طبی اور نیم طبی عملے، تیمار داروں کو تمباکو کے استعمال پر جرمانہ کیا جائے گا، ابتدائی طور پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں صفائی کی صورتحال کے پیش نظر تمباکو کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، پان کی پیکوں سے رنگین سرکاری اسپتالوں کی دیواریں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسپتالوں میں گٹکا اور تمباکو کو کثرت سے استعمال کیا جارہا ہے جس میں اسپتال ملازمین بھی شامل ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ماتحت اسپتالوں میں ہر طرح کے تمباکو کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کا کہنا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کے ماتحت تمام اسپتالوں میں پان، گٹکا، چھالیہ اور تمباکو نوشی پر پابندی عائد کر دی ہے ابتدائی طور پر خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کو ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا اور شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا، اس حوالے سے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو احکام دے دیے گئے ہیں جن پر سختی سے عمل کرنے کا کہا گیا ہے کوشش ہے کہ تمام اسپتالوں میں فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

