حکمران اپنی نااہلی چھپانے کیلئے سارا بوجھ عوام پر ڈال رہے ہیں، غریبوں کے لئے گزارہ مشکل ہوگیا ہے، حافظ نعیم الرحمن
کراچی میں اہم پبلک مقامات اور مساجد کے باہر مظاہرے کئے گئے، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میںمہنگائی و بے روزگاری ،گیس ، آٹا اور چینی کے بحران،بجلی اور پیٹرول کے نرخوں میں اضافے سمیت دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کراچی میں بھی تمام اضلاع میں متعدد اہم پبلک مقامات اورمساجد کے باہر مظاہرے کئے گئے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مسجد نعمان ، لسبیلہ چوک پر مرکزی مظاہرے سے خطاب کیا جس سے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر و امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ، نصیر اللہ حسینی اوربخت علی شاہ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبدالوہاب ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، نائب امیر ضلع قائدین سلیم عمر اور دیگر موجود تھے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، جن پر مہنگائی ، بے روز گاری ، گیس اور آٹا بحران کے حوالے سے عبارتیں درج تھیں ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں گیس ، آٹا اور چینی کی قلت ،بلوں میں اضافے کے باعث معاشی و اقتصادی بحران نے بھی جنم لے لیا ہے، سی این جی اسٹیشن کی مسلسل بندش اور گیس کی قلت سے صنعتی، تجارتی و گھریلو صارفین شدید پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں ، حکمران اپنی کرپشن اور نااہلی کو چھپانے کے لیے سارا بوجھ عوام پر ڈالتے جارہے ہیں کیونکہ پیٹرول، گیس، بجلی مہنگی ہونے سے براہ راست غریب آدمی ہی متاثر ہوا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کے ماتحت اداروں میں بدعنوانی کے باعث ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے، حکمرانوں کی کرپشن اور ناقص پالیسیوں کے باعث بے روز گاری اور مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، حکمران طبقہ اور حکمران پارٹیاں اقتدار کے لالچ میں عوام کوبے وقوف بنا رہی ہیں ۔پی ٹی آئی حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کرے، عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرکے قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرے ۔

