نیب سے سابق وزیر بلدیات کیخلاف خفیہ انکوائری کی تفصیلات طلب کرلی گئیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا، سندھ ہائی کورٹ نے نیب کو شرجیل میمن کو کسی بھی انکوائری میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو شرجیل انعام میمن کے خلاف نیب کی مبینہ خفیہ انکوائری سے متعلق سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل علی واحد ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ نیب میرے موکل کے خلاف خفیہ انکوائری کر رہا ہے، خفیہ انکوائری کیا ہیں؟ کچھ پتا نہیں، نیب کو پابند کیا جائے کہ خفیہ انکوائری کو منظر عام پر لائے، خفیہ انکوائری میں گرفتاری کا خدشہ ہے نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔ پراسیکیوٹر نیب نے موقف دیا کہ شرجیل میمن کے خلاف خفیہ انکوائری کی تفصیلات مانگی ہیں، تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کے لیے مزید مہلت درکار ہے۔ عدالت نے نیب کو مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی، عدالت نے حکم دیا کہ 27 مارچ تک نیب کسی بھی انکوائری میں شرجیل میمن کو گرفتار نہیں کرسکتا۔

