برطانوی ٹریول ایڈوائزری سے سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا‘عمران خان
پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی‘ عمران خان کاٹویٹر پر تہنیتی پیغام
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کیلئے برطانیہ کی نئی ٹریول ایڈوائزری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معاشی مسائل کے حل میں مدد ملے گے گی۔وزیراعظم کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ برطانوی ٹریول ایڈوائزری سے سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئے گی جبکہ سیاحت کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ بلاشبہ یہ ایک بڑی خوشخبری ہے جس سے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور پاکستان کو درپیش دو اہم ترین معاشی مسائل یعنی روزگار کی فراہمی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حل میں مدد ملے گی۔اس سے قبل ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کیا تھا۔اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ نہایت خوش آئند ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا بیرونی دنیا میں امیج تبدیل ہو رہا ہے۔

