English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امپائر احسن رضا آج ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی نصف سنچری مکمل کرلیں گے

القمر

لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں احسن رضا ایک نیا ریکارڈ قائم کریں گے۔ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول میچ پاکستانی امپائر احسن رضا کے کیرئیر کا 50واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر ہوں گے۔اس فہرست میں دوسرا نمبر بھی پاکستانی امپائر، علیم ڈار کا ہے۔ 10سالہ ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں علیم ڈار کے میچوں کی تعداد 46 ہے۔ 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے شوزب رضا ، اس فہرست میں 5ویں نمبر پر ہیں۔حسن رضا گذشتہ چند سال سے آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر احسن رضا نے بین الاقوامی سطح پر اپنے امپائرنگ کیرئیر کا آغاز فروری 2010 میں کیا۔انہوں نے پہلی مرتبہ بطور امپائرافغانستان اور کینیڈا کے درمیان شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں شرکت کی۔انہوں نے اسی سال اکتوبر میں ابوظہبی کے میدان میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں امپائرنگ کرکے اس فارمیٹ میں پہلی مرتبہ قدم رکھا۔ احسن رضا اب تک کل 85 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ احسن رضا کا کہنا ہے کہ ہر فرد اپنے شعبے میں زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے، انہیں فخرہے کہ وہ آج 50ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن جائیں گے۔ احسن رضا نے کہاکہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ ریکارڈ بنانے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہاگو کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کھیل جلدی ختم ہوجاتا ہے مگر یہاں گیم کی رفتار بہت تیز ہوتی ہے، جس کے باعث امپائرنگ کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔احسن رضا نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گیم کی رفتار تیز ہونے کے باعث امپائرز پر بھی پریشر ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریورس سوئیپ، پیڈل سوئیپ سمیت کئی ایجادات کے باعث اس طرز کی کرکٹ میں امپائرز کو ہر وقت چست رہنا پڑتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے